12 جنوری 2013 - 20:30

لاہور: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کوئٹہ دھرنے میں شرکت کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا بلوچستان تباہی کی طرف جا رہا ہے بلوچستان حکومت کو فوری مستعفی ہو جانا چاہیے۔

ابنا: عمران خان نے کہا کہ جب میں نے دہشت گردوں سے مذاکرات کا کہا تو مجھے طالبان خان کہا گیا اور اب حکومت کو دہشت گردوں سے مذاکرات کا خیال آیا ہے۔ انہوں نے کہا کوئٹہ دھرنے میں شرکت کے لئے کارکنوں کو ہدایت کر دی گئی ہے۔ قبل ازیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کوئٹہ میں ہزارہ کمیونٹی کو نشانہ بنائے جانےکی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بےگناہ لوگ مارے جا رہے ہیں مگر حکومت مذمتی بیانات جاری کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کر رہی ہے۔ عمران خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ حکومت دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے ابھی تک کوئی واضح پالیسی اور حل تلاش نہیں کر پائی اسی لئے بم دھماکوں میں بےگناہ شہری مارے جا رہے ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ لشکر جھنگوی کی جانب سے ہزارہ کمیونٹی کے افراد کی نسل کشی کا یہ اقدام انتہائی قابل نفرت ہے، بدقسمتی یہ ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے کوئٹہ میں جاری دہشتگردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ عمران خان نے کہا کہ حکومت دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کی دادرسی کے لئے فوری اقدامات کرے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔/110